Sun. Nov 24th, 2024

سنی اتحاد کونسل کو پارلیمانی پارٹی ماننے سے انکار قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سنی اتحاد کونسل کے 88 ایم این ایز کو آزاد ڈکلیئر کر دیا

اسلام آباد(  01 اپریل2024ء) سنی اتحاد کونسل کو پارلیمانی پارٹی ماننے سے انکار، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سنی اتحاد کونسل کے 88 ایم این ایز کو آزاد ڈکلیئر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد اراکین قومی اسمبلی کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے باوجود سنی اتحاد کونسل کو پارلیمانی پارٹی ماننے سے انکار کرتے ہوئے پیر کے روز تحریک انصاف کے 88 اراکین قومی اسمبلی کو آزاد ڈکلیئر کر دیا۔  قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اس اقدام کے بعد 88 اراکین قومی اسمبلی اب کسی پارٹی ڈسپلن کے پابند نہیں رہے۔ اس حوالے سے تحریک انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو الیکشن کے فوری بعد توڑنے میں ناکامی کے بعد اب یہ نیا حربہ آزمایا گیا ہے، پی ٹی آئی کے اراکین کو ڈرا دھمکا کر توڑنے کی کوششیں کی جائیں گی۔ دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس میں قومی اسمبلی کے نو منتخب مزید 9 اراکین نے حلف اٹھا لیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ حلف اٹھانے کے دوران تحریک انصاف کے حمایت یافتہ اراکین احتجاج کرتے رہے اور سپیکر قومی اسمبلی کے ڈائس کا گھیراؤ کر لیا اور نعرے بازی کرتے رہے۔ اجلاس کی کارروائی شروع ہوتے ہی عمران خان زندہ باد کے نعرے اور اس کے بعد مینڈیٹ چور کے نعرے لگائے گئے تاہم عبدالرحمن کانجوسمیت مخصوص نشستوں کے خواتین سمیت 9 ارکان نے حلف اٹھایا، تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں نے سپیکر ڈائس کے سامنے کھڑے ہوکر احتجاج کیا اورووٹ چور مینڈیٹ چور ،رہا کرو رہاکر عمران خان کو رہاکرو تحفظ دو تحفظ دو ججوں کو تحفظ دو کے نعرے لگائے۔

By admin

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *